اسلام آباد (ای پی آئی) سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کیلئے پولنگ جاری ہے لیکن الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت کی جانب سے میڈیا پر اشتہاری مہم چلانے کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی سیکریٹری اطلاعات سندھ سے وضاحت طلب کرلی ہے.

الیکشن کمیشن کی جانب سے سیکریٹری انفارمیشن کو کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کا نوٹس جاری کردیاگیا ہے،جس میں کہا گیاہے کہ کوئی بھی سیاسی جماعت سرکاری خزانے سے اشتہاری مہم نہیں چلا سکتی. سندھ حکومت کی جانب سے الیکشن والے دن ترقیاتی منصوبوں کے میڈیا پر اشتہارات چلائے گئے.

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے اشتہاری مہم پر سرکاری پیسے خرچ کیے گئے،سیکریٹری انفارمیشن سندھ کل سولہ جنوری کو صوبائی الیکشن کمشنر سندھ کے دفتر پیش ہوکر کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی وضاحت کریں.


نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ پیش نہ ہونے پر معاملہ مزید کاروائی کیلئے الیکشن کمیشن کو بھجوایا جائے گا.