لاہور(ای پی‌آئی ) لاہور ہائیکورٹ نے سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی عدم دستیابی کے خلاف درخواست پر سماعت کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ لیبارٹری ٹیسٹوں کی فیسوں کا تعین کرکے فیسیں مقررکی جائیں اور آئندہ سماعت پر تفصیلی رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے .

جسٹس شاہد کریم نے جوڈیشل ایکٹوزم پینل کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے کہاکہ اس معاملے پر ہیلتھ کمیشن کیئر کی وزیراعلی سے میٹینگ ہونی چاہیے ،پھر روزانہ ہسپتالوں کے دورے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی .

درخواست گزار وکیل اظہر صدیق نے کہاکہ ادویات کی فراہمی کے لیے ہسپتالوں کو بجٹ نہیں دیا جارہا جس پر فاضل جج جسٹس شاہد کریم نے کہاکہ ادویات کی فراہمی کے لیے بجٹ ریلیز تو نہیں کروا سکتا.

چیف ایگزیکٹو ہیلتھ کمیشن کیئر عدالت کے روبرو پیش ہوئے اور کہا کہ سروسز ہسپتال اور دیگر سرکاری ہسپتالوں کی رپورٹ تیار کی ہے. جس پر عدالت نے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت دس اپریل تک ملتوی کردی.