اسلام آباد (ای پی آئی )اسلام آباد ہائیکورٹ میں احمد نورانی کے 9 دن سے لاپتہ دو بھائیوں کی بازیابی کے لئے دائردرخواست پر سماعت، آئی جی اسلام آباد نے دو لاپتہ بھائیوں کی بازیابی کے لیے دو ہفتوں کا وقت مانگ لیا ۔عدالت نے سماعت عید کے بعد تک ملتوی کر دی ۔
تفصیل کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس انعام منہاس امین نے احمد نورانی کے دو بھائیوں کی بازیابی سے متعلق دائر درخواست پر سماعت کی ۔دوران سماعت لاپتہ بیٹوں کی درخواست گزار والدہ اور ہمشیرہ وکیل ایڈووکیٹ ایمان مزاری کے ہمراہ عدالت کے سامنے پیش ہوئے جبکہ آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی بھی عدالت کے سامنے پیش ہوئے ۔
جسٹس انعام امین منہاس نے آئی جی اسلام آباد سے استفسار کیا کہآئی جی صاحب میں نے ایس ایچ او کو کہا تھا انکوائری کرکے بتائیں ،
آئی جی پنجاب نے عدالت کو جواب دیا کہ میں نے اس معاملے کو سپروائز کیا ہے اسپیشل تحقیقاتی ٹیم بنائی ہے ، ایس ایس آپریشنز کی سربراہی میں ایک ٹیم بنائی ہے ، جیو فینسنگ کرائی ہے سی ڈی آر بھی ہم نے حاصل کی ہے ، 27 تھانوں یا سی ٹی ڈی کے پاس کسی کے پاس یہ موجود نہیں ، ملک بھر کے آئی جی جیل خانہ جات سے بھی رابطہ کیا ہے کہیں معلوم نہیں ،
آئی جی پنجاب نے کہا کہ تمام صوبوں کے آئی جیز سے رابطہ ہوا ہے ان سے بھی معلومات مانگی ہیں ،آئی بی کو بھی ہم نے لکھا ہے ایف آئی اے سے بھی جواب ابھی آنا ہے ، ابھی تک کوئی بھی اس نام کے لوگ بیرون ملک نہیں گئے ، چیف کمشنر سے اور قریبی اضلاع سے چیک کیا ہسپتالوں سے چیک کرایا کہیں سے معلوم نہیں ہوا ، ون فائیو سے بھی چیک کرایا کہیں سے کوئی معلوم نہیں ہوا کوئی کال نہیں ہے ، ون فائیو کا آٹو ریکارڈ سسٹم ہے اس وقت ہمیں کوئی کال موصول نہیں ہوئی ،
عدالت نے استفسار کیا کہ اس کا حل کیا بندے تو لاپتہ ہوئے ہیں ؟ آئی جی نے مہلت مانگتے ہوئے کہا کہ ہمیں کچھ وقت دیا جائے ہم پوری کوشش کر رہے ہیں ،
وکیل درخواست گزار ایمان مزاری نے کہا کہ یہ کہہ رہے ہیں سارے ہسپتال چیک کر لیے سب چیک کر لیا کیا ان کو چیک کیا ہے ؟ ہم نے وزارت داخلہ کے ماتحت خفیہ اداروں کے حوالے سے الزام لگایا ہے ، عدالت نے کہا کہ ان کو نوٹس کیا ہوا ہے ان کا جواب آجائے تو دیکھ لیتے ہیں ، ایڈوکیٹ ایمان مزاری نے کہا کہ جن جن کے کیمرے تھے پولیس نے اپنے پاس لے لئے ہیں ،
جسٹس انعام امین منہاس نے وکیل ایمان مزاری سے کہا کہ آپ اس حوالے سے پولیس کو بتائیں وہ دیکھیں گے ، کیسے اسلام آباد سے نکلے ؟ کہاں ہیں ؟ یہ آپ نے دیکھنا ہے وکیل ایمان مزاری نے سوال کیا کہ کیا انہوں نے سیف ہاؤسز سے چیک کیا ہے ، کل بھی ایک صحافی کو اٹھایا گیا تھا پھر ایف آئی اے نے پیش کر دیا ،
جسٹس انعام امین منہاس نے کہا کہ وزارت دفاع کا جواب آنا اب ضروری ہو چکا ہے ،سیکرٹری دفاع آئندہ سماعت پر جواب جمع کرائیں ، دن بدن رکھا ہوا ہے آپ کے کہنے پر چلا رہے ہیں ،
دوران سماعت لاپتہ بیٹوں کی والدہ نے کہا کہ آپ اللہ کو حاضر ناظر جان کر بتائیں اگر آپ کے بچے ہوتے یا ان کے بچے ہوتے تو کیا کرتے ، میں بہت زیادہ پریشان ہوں میرے بیٹوں کو کچھ ہو گیا تو کون ذمہ دار کو گا ، عدالت نے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت عید کے بعد تک ملتوی کردی