اسلام آباد (ای پی آئی )پاکستان انٹرنیشنل ایئر (پی آئی اے) کے منافع بخش ادارہ بننے پر وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ الحمدللہ قوم کیلئے ایک اور خوشخبری! پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کو 20 برس میں پہلی مرتبہ منافع ہوا، جو کئی دہائیوں کے خسارے کے بعد ایک بڑی تبدیلی ہے. خوش آئند ہے کہ مستقبل تابناک ہے،

انھوں نےپی آئی اے کو منافع بخش بنانے پر وفاقی وزیرخواجہ آصف اور ان کی ٹیم کی تعریف کی اور کہا کہ وزیر ہوابازی خواجہ آصف کی قیادت میں ٹیم کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر (پی آئی اے) 21 سال بعد شدید مالی بحران سے نکل گیا ہے ،پی آئی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے پی آئی اے کے سال 2024 کے سالانہ نتائج کی منظوری دے دی، جس کے مطابق پی آئی اے نے 21 سال کی طویل مدت کے بعد خالص منافع حاصل کرلیا۔

پی آئی اے کے سال 2024 کے نتائج کے مطابق پی آئی اے نے 9.3 ارب روپے آپریشنل منافع جبکہ 26.2 ارب روپے خالص یا نیٹ منافع کمایا، آپریٹنگ مارجن 12 فیصد سے زیادہ رہا جو دنیا کی کسی بھی بہترین ائیرلائن کی پرفارمنس کے ہم پلہ ہے۔

پی آئی اے نے آخری منافع سال 2003 میں حاصل کیا تھا جس کے بعد دو دہائیوں تک پی آئی اے خسارے سے دوچار رہی تاہم حکومت پاکستان کی سرپرستی سے پی آئی اے میں جامع اصلاحات کیے گئے۔