1
نیب نے کرپشن کے الزامات پر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے سابق ڈی جیز اور دیگر کے خلاف تحقیقات شروع کردیں۔نیب کے مطابق سابق ڈی جی ایس بی سی اے اسحاق کھوڑو،عبد الرشید سولنگی اور دیگر کے خلاف تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ ان افسران کے خلاف غیرقانونی تعمیرات، کرپشن اور بدعنوانی سے متعلق تحقیقات کی جارہی ہیں۔ سندھ حکومت کو بھی افسران کے خلاف تحقیقات کے معاملے سے آگاہ کردیا گیا ہے۔
2
مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا ہے کہ منصوبہ بندی کے تحت یوپی موڑ پر ایک موٹر سائیکل ڈمپر کے نیچے ڈالی گئی اور وڈیو بنائی گئی، ڈمپر جلانے والوں کو گرفتار نہیں کیا گیا، اس کو بنیاد بنا کر لسانی فسادات کی کوشش کی گئی۔مہاجر قومی موومنٹ نے شہر کی تمام قومیتوں سے پر امن احتجاج کی درخواست کی تھی، پیپلز پارٹی کی بدعنوانیوں سے متاثر یہاں رہنے والے ہیں، جب تاجروں کی دعوت پر ان کے دفاتر گیا تو لوگوں نے خوش آمدید کہا، مختلف قومیتوں نے میرے مؤقف کی حمایت کی۔کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب ,میری کوشش کو نقصان پہنچانے کے لئے لسانیت کا رنگ دیا گیا، ڈمپر مافیا کے لوگ گرفتار نہیں ہوئے، ملک کا بائیکاٹ کرنے والے کو گرفتار نہیں کیا گیا، میرے کارکنان کو رات تک گرفتار کیا گیا، میں رات گھر پر نہیں تھا، میں اپنا موقف بیان کرنے سے پہلے گرفتار نہیں ہونا چاہتا۔
3
راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے جی ایچ کیو حملہ سمیت سانحہ 9 مئی کے 14 کیسز کی سماعت ملتوی کردی۔انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت بغیر کسی کارروائی کے 16 اپریل اور سانحہ 9 مئی کے دیگر 13 مقدمات کی سماعت 19 اپریل تک ملتوی کردی۔ 3 تھانوں کے کیسز کے مقدمات کی چالان نقول ملزمان میں تقسیم کی گئیں۔ عدالت نے نو مئی کے 10 کیسز کے چالان آج تک پیش نہ ہونے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے سابق ایس پی سٹی فیصل سلیم کو طلب کرلیا۔ جی ایچ کیو حملہ کیس کا ٹرائل پھر ٹل گیا۔انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے جی ایچ کیو حملہ کیس سماعت 9 مئی کے تمام 14 مقدمات کی سماعت کی ۔ جی ایچ کیو حملہ کیس میں عدالت طلبی کے باوجود سب انسپکٹر گواہ ریاض پیش نہیں ہوئے۔ سب انسپکٹر ریاض گزشتہ 2 ماہ سے بار بار طلبی کے باوجود پیش نہیں ہورہے۔ عدالت نے سماعت بغیر کسی کارروائی کے 16 اپریل تک ملتوی کر دی۔
4
ترجمان خیبر پختونخوا حکومت بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ صدر آصف زرداری کی ذہنی حالت ٹھیک نہیں، انہوں نے نہروں کی خود منظوری دی ہے۔دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کے معاملے پر اپنے بیان میں مشیر اطلاعات اور ترجمان خیبر پختونخوا حکومت بیرسٹر سیف نے کہا کہ نہروں کے معاملے پر صدر زرداری نے یا تو سندھ کے عوام کی پیٹھ میں چھرا گھونپا ہے یا ان کی یادداشت جواب دے گئی ہے۔پیپلز پارٹی دونوں باتوں میں سے ایک کو مانے۔ دونوں کی ایک ساتھ تردید ممکن نہیں۔ اگر آصف زرداری کی ذہنی حالت ٹھیک نہیں تو وہ اعلیٰ ترین عہدے پر کیوں براجمان ہیں؟ فوری مستعفی ہوں۔انہیں اپنی جسمانی اور ذہنی حالت کی وجہ سے خود مستعفی ہو جانا چاہیے۔
5
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ 26 ویں آئینی ترمیم کی خوبصورت بات جوڈیشری کا احتساب ہے، یہ شاہی دربار نہیں آئینی عدالتیں ہیں، اگر کیسز نہیں سن سکتے تو گھر جائیں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے سابقہ اور موجودہ چیف جسٹس کا شکر گزار ہوں انہوں نے وکلا کے لیے قانون کے مطابق فیصلے کیے، وکلاء کے احتجاج سے دہشت گردی ایکٹ کا کیا تعلق ہے، ایسا تو کبھی مشرف دور میں بھی نہیں ہوا۔ انشاء اللہ آئندہ آنے والے دنوں میں مزید اچھی خبریں آئیں گی، میں نے کبھی کسی بار سے بیک ڈور سے حمایت حاصل نہیں کی، میں یہ سمجھتا ہوں حکومت کو کسی بھی بار میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔


