اسلام آباد (ای پی آئی ) پنجاب حکومت کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کے جسمانی ریمانڈ کے لئے سپریم کورٹ آف پاکستان میں دائر درخواست پر سماعت ،عدالت نے سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو نوٹس جاری کر دیا۔
تفصیل کے مطابق چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے 9 مئی کے مقدمات میں سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کے جسمانی ریمانڈ سے متعلق اپیل پر سماعت کی۔
دوران سماعت پراسیکیوٹر نے کہا کہ عمر سرفراز چیمہ سے اسلحہ برآمد کرنا ہے۔چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے استفسار کیا کی عمر سرفراز چیمہ ابھی کہاں ہیں؟ پراسیکیوٹر ذوالفقار نقوی نے جواب دیا کہ وہ کوٹ لکھپت جیل میں ہیں۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ ملزم جیل میں ہیں تو تفتیش کر لیں، کیا مسئلہ ہے؟پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ برآمدگی کے لیے جسمانی ریمانڈ ضروری ہے جو ہائی کورٹ نے نہیں دیا۔سپریم کورٹ نے پنجاب حکومت کی اپیل پر عمر سرفراز چیمہ کو نوٹس جاری کر تے ہوئے کیس کی سماعت جمعرات تک ملتوی کر دی۔


