اسلام آباد(ای پی آئی )بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی جانب سے190 ملین پاؤنڈز کیس میں سزا معطلی کی درخواستوں پر جلد سماعت کی اپیل پر سماعت ،عدالت نے جلد سماعت کی استدعا عدالت نے منظور کرلی۔

تفصیل کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس انعام امین منہاس نے 190 ملین پاؤنڈز کیس کی سماعت کی، دوران سماعت عدالت میں بانی پی ٹی آئی کی جانب سے وکیل ظہیر عباس ایڈووکیٹ اور عثمان گل پیش ہوئے جب کہ بشریٰ بی بی کی جانب سے وکیل علی بخاری ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔

وکیل علی بخاری ایڈووکیٹ نے عدالت سے استدعا کی کہ سزا معطلی کی درخواستیں بھی مقرر کرنے کی تاریخ دے دیں،

جس پر قائم مقام چیف جسٹس نے کہا کہ ڈویژن بینچ نے کیسز مقرر کرنے سے متعلق جوڈیشل آرڈر جاری کر دیا ہے۔ جوڈیشل آرڈر کے بعد ہم ڈائریکٹ کوئی تاریخ نہیں دے سکتے۔ ہم سزا کے خلاف اپیلوں کے ساتھ سزا معطلی کی درخواستیں بھی دیکھ لیں گے۔

عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی اپیلیں اور سزا معطلی کی جلد سماعت کی متفرق درخواستیں منظور کرلیں۔عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف اپیلیں 2 ہفتوں میں مقرر کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستیں بھی ساتھ دیکھ لیں گے۔

واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے جلد سماعت کی درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔ بانی پی ٹی آئی 14 سال اور بشریٰ بی بی 7 سال کی سزا کاٹ رہے ہیں ۔ دونوں کی جانب سے اپیلیں اور سزا معطلی کی درخواست دائر کی گئی ہیں۔