راولپنڈی(ای پی آئی )اڈیالی جیل روالپنڈی میں خصوصی عدالت کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سمیت دیگر کے خلاف 9 مئی مقدمات کی سماعت ،9 مئی کے 13 مقدمات میں ملزمان میں چالان کی نقول تقسیم کردی گئیں، فرد جرم عائد کرنے کے لیے تاریخ مقرر کردی۔

تفصیل کے مطابق 9 مئی کے 13 مقدمات کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت میں جج امجد علی شاہ نے کی ۔دوران سماعت وکلائے صفائی، پراسیکیوٹرز اور ملزمان پیش ہوئے۔ بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جیل روبکار پر حاضری لگائی گئی۔

اسی طرح سابق وزیر خارجہ اور پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کی بھی حاضری لگائی گئی۔ شیخ رشید احمد اور عمران خان کے وکیل فیصل ملک بھی عدالت پہنچے۔عدالت میں حاضر ہونے والے ملزمان میں مقدمات کی نقول تقسیم کی گئیں، جس کے بعد عدالت نے 9 مئی کے 13 مقدمات کی سماعت 25 اپریل تک ملتوی کردی۔

آئندہ سماعت پر ان 13 کیسز میں فرد جرم عائد کی جائے گی۔اس موقع پر عدالت میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے جب کہ پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کی گئی تھی۔