میانوالی (ای پی آئی ) کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی ) اور پنجاب پولیس میانوالی کا مکڑوال میں خوارجی دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ،فائرنگ کے تبادلے میں 10 سے زائد دہشتگرد جہنم واصل ۔
ترجمان کے مطابق 10 سے زائد دہشت گرد وں کو ہلاک کردیا گیا جبکہ مزید دہشت گردوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ دہشتگردوں کی جانب سے فائرنگ سے ایک مقامی شخص ٹانگ میں گولی لگنے سے زخمی ہوگیا جسے علاج معالجے کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آر پی او سرگودھا ریجن محمد شہزاد آصف خان اور ڈی پی او میانوالی اختر فاروق کی سپرویژن میں خوارجی دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔
بیان کے مطابق ڈی پی او میانوالی اختر فاروق سمیت پولیس، سی ٹی ڈی کے تمام افسران و اہلکار مکمل طور پر محفوظ ہیں۔ترجمان کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس الرٹ ہے، دہشت گردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملا کر دم لیں گے۔