اسلام آباد(ای پی آئی )سپریم کورٹ آف پاکستان میں ججز ٹرانسفر کیس کی سماعت ،عدالت نے وکیل درخواست گزار کو جواب الجواب جمع کروانے کے لیے مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔
تفصیل کے مطابق سپریم کورٹ کے جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں پانچ رکنی آئینی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔دوران سماعت جسٹس محمد علی مظہر نے درخواست گزار ججز کے وکیل منیر اے ملک سے کہا کہ تمام فریقین کے تحریری جوابات آچکے ، کیا آپ ان پر جواب الجواب دینا چاہیں گے؟
وکیل درخواستگزار منیر اے ملک نے جواب دیا کہ جی میں جواب الجواب تحریری طور پر دوں گا۔ جسٹس محمد علی مظہر نے استفسار کیا آپ کو کتنا وقت چاہیے ہوگا؟ وکیل نے جواب دیا کہ آئندہ جمعرات تک وقت دے دیں۔جس پر جسٹس محمد علی مظہر نے استفسار کیا کہ اتنا وقت کیوں چاہیے بہت سے وکلا نے دلائل دینے ہیں، اس کیس کو اتنا لمبا نہ کریں۔بعد ازاں عدالت نے سماعت 29 اپریل تک ملتوی کر دی ۔
عدالت نے اپنے حکمنامہ میں کہا کہ رجسٹرار سپریم کورٹ اور سیکرٹری جوڈیشل کمیشن نے تحریری جوابات جمع کروائے جبکہ وفاقی حکومت نے بذریعہ اٹارنی جنرل جواب جمع کروایا، رجسٹرار بلوچستان ہائیکورٹ، رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ، رجسٹرار پشاور ہائیکورٹ اور رجسٹرار سندھ ہائیکورٹ نے بھی جوابات جمع کروائے ہیں ۔
عدالت نے حکمانے میں کہا ہے کہ تمام جوابات کا جائزہ لے کر فریقین کی طرف سے تحریری جواب الجواب جمع کروانے کے لیے وقت مانگا گیا۔


