تونسہ شریف (ای پی آئی ) پنجاب کے ضلع تونسہ شریف کی بستی دین پناہ میں پولیس مقابلے کے دوران ڈاکوئوں کی فائرنگ سے 2پولیس اہلکار شہید ۔ شہدا میں ایس آئی غلام شبیر اور کانسٹیبل غلام فرید شامل ہیں، دونوں اہلکار تھانہ صدر تونسہ میں تعینات تھے۔

پولیس ذرائع کے مطابق دائرہ شاہ پل کے علاقے میں مسلح ڈاکوں کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس پارٹی موقع پر پہنچی تو ڈاکوئوں نے اچانک فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں دو اہلکار موقع پر ہی جام شہادت نوش کر گئے۔

واقعہ کے بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔ پنجاب پولیس کے ترجمان نے کہا کہ دونوں جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر فرائض کی ادائیگی کا اعلیٰ ترین ثبوت پیش کیا۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہدا کی قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم شہدا کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑے ہیں، ان کی فلاح و بہبود کا مکمل خیال رکھا جائے گا، شہدا نے وطن کے امن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، اور ان کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا،
پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ ڈاکوں کی گرفتاری کے لئے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ۔