لاہور(ای پی آئی )انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور سمیت دیگر پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کے خلاف 5 اکتوبر کو لاہور میں احتجاج کے دوران پولیس پر تشدد کیس کی سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کر دیا ہے ۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے پولیس کی درخواست پر ایک صفحے پر مشتمل تحریری حکم جاری کیا ہے۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں لکھا ہے کہ علی امین گنڈاپور اور دیگر نامزد ملزمان جان بوجھ کر روپوش ہو چکے ہیں۔تحریری حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ علی امین گنڈاپور، حماد اظہر اور دیگر افراد اس مقدمے میں باقاعدہ نامزد ہیں اور گرفتاری کے خوف سے چھپے ہوئے ہیں۔
ملزمان کے خلاف دہشت گردی سمیت دیگر سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
پولیس نے عدالت سے درخواست کی تھی کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے جائیں تاکہ قانون کا دائرہ مکمل کیا جا سکے۔ عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو گرفتاری کے لیے کارروائی کا حکم دے دیا۔