لاہور (ای پی آئی )پنجاب حکومت کی جانب سے رواں سال ستمبر میں صوبے بھر میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا فیصلہ کر لیا گیا ۔

ذرائع کے مطابق بلدیاتی انتخابات میں امیدواروں کے لیے تعلیمی قابلیت کی نئی شرائط بھی طے کی گئی ہیں۔ چیئرمین کے عہدے کے لیے کم از کم بی اے، وائس چیئرمین کے لیے ایف اے جبکہ کونسلر کے لیے میٹرک کی تعلیم لازمی قرار دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق نئے مجوزہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 کے تحت ضلعی کونسلیں ختم کر دی گئی ہیں جبکہ بیوروکریسی کے اختیارات میں نمایاں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ اس نئے نظام کے تحت بلدیاتی نمائندوں کے اختیارات صرف ٹی ایم اے (تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن) تک محدود کر دیے گئے ہیں۔

سیاسی و سماجی حلقوں میں ان تبدیلیوں پر ملا جلا ردعمل سامنے آ رہا ہے، بعض ماہرین اس اقدام کو اختیارات کی مرکزیت قرار دے رہے ہیں جبکہ دیگر اس کو بلدیاتی نظام کی بہتری کی جانب قدم کہہ رہے ہیں۔