اسلام آباد (ای پی آئی )وفاقی حکومت نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز(پی آئی اے )کی نجکاری کے لیے اشتہار جاری کر دیا۔ دلچسپی رکھنے والی قومی و بین الاقوامی کمپنیز کو تین جون تک اپنی بولیاں جمع کرانے دعوت دے دی گئی۔

ذرائع کے مطابق نجکاری کمیشن کے مطابق بولی جمع کرانے کے خواہشمند خریداروں کو چودہ لاکھ روپے کی ناقابل واپسی فیس بھی ادا کرنا ہوگی۔ یہ دوسرا موقع ہے جب موجودہ حکومت کی جانب سے پی آئی اے کی نجکاری کے لیے اظہار دلچسپی کی درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔

حکومت اس عمل کے ذریعے قومی ایئرلائن میں اپنے حصص فروخت کرنے کی پیشکش کر رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی فروخت کا عمل رواں سال جولائی تک مکمل کیا جانا تھا، تاہم اب دسمبر کی نئی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے۔اس وقت پی آئی اے ہفتہ وار دو سو اڑسٹھ پروازیں چلا رہی ہے، تاہم ادارے کو مالی بحران اور انتظامی چیلنجز کا سامنا ہے، جس کے باعث نجکاری کو ناگزیر قرار دیا جا رہا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام پی آئی اے کی کارکردگی کو بہتر بنانے، مالی بوجھ کم کرنے اور قومی خزانے پر انحصار کم کرنے کے لیے اٹھایا جا رہا ہے۔