لاہور (ای پی آئی )چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم کی جانب سے پنجاب بھر کی ماتحت عدالتوں کے لئے سائلین کو مکمل سہولیات فراہم کرنے کے لئے مراسلہ ارسال ۔ ماتحت عدالتوں میں تمام سہولیات فراہم کرنے کا حکم ،
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے موسم میں تبدیلی یعنی گرمی کے موسم میں شدت آتے ہی دور دراز سے آنیوالے سائلین کو عدالتوں میں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو اس حوالے سے احکامات جاری کردیئے ہیں ۔
چیف جسٹس کی جانب سے جاری مراسلہ میں پنجاب بھر کے تمام اضلاع کے سیشن ججز کو ہدایت کی گئی ہے کہ سائل زمین پر بیٹھا نظر نہ آئے، انصاف کے حصول کے لیے عدالتوں میں آنیوالے سائلین کے بیٹھنے کے لیے بینچز کا خصوصی انتظام کیا جائے۔
انہوں نے ہدایت کی ہے کہ سائلین کے لیے پینے کے ٹھنڈے اور صاف پانی کا فوری بندوبست کیا جائے جبکہ سائلین کے لیے پنکھوں کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جائے۔
علاوہ ازیں چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے پنجاب بھر کے سیشن ججز سے اس حوالے سے فوری عمل درآمد رپورٹ بھی طلب کر لی۔