سماء نیوزپر 6 بجے کی ہیڈلائنز
1
امریکا کی جانب سے یمن میں فضائی حملے جاری ہیں تاہم اس دوران اب تک 7 جدید ترین ریپر ڈرون طیارے تباہ ہوچکے ہیں۔امریکا نے گزشتہ ماہ سے یمن میں حوثی ٹھکانوں پر فضائی حملوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے، حملوں کا مقصد حوثیوں کو بحیرہ احمر میں تجارتی جہازوں پر حملوں سے باز رکھنا ہے، تاہم اس دوران امریکا کو 7 جدید ‘ریپر’ ڈرون طیاروں سے ہاتھ دھونا پڑا جن کی مجموعی مالیت 20 کروڑ ڈالر سے زیادہ ہے۔فوجی حکام نے تصدیق کی ہے کہ یہ ڈرون طیارے گزشتہ 6 ہفتوں کے دوران مار گرائے گئے، ان میں سے 3 گزشتہ ہفتے کے دوران گرے، یہ صورتحال حوثیوں کی ڈرون طیاروں کو نشانہ بنانے کی بہتر صلاحیت کا اظہار کرتی ہے۔
2
غزہ کے قاتل اور گجرات کے قاتل کا گٹھ جوڑ بے نقاب،ذرائع کے مطابق پہلگام حملے کے پسِ پردہ ایجنڈہ واضح طور پر بھارتی جنگی جنون کو مزید بڑھانا تھا اور مصدقہ اطلاعات کے مطابق 15 سے 20 اسرائیلی اہلکار سری نگر، مقبوضہ جموں و کشمیر پہنچ چکے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی اہلکار تکنیکی سازوسامان سے لیس ہیں اور انکی سری نگر میں آمد انتہائی تشویش ناک ہے۔اسرائیلی اہلکاروں کی مقبوضہ کشمیر میں آمد کا مقصد پاکستان کے خلاف مذموم مہم جوئی کی سہولت کاری ہے۔
3
بھارتی سپریم کورٹ کے سابق جج مرکنڈے کاٹجو نے خبردار کیا ہے کہ اگر بھارت پاکستان کے ساتھ جنگ میں ملوث ہوتا ہے تو اس کی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا۔ایک حالیہ انٹرویو میں مرکنڈے کاٹجو نے بھارتی جرنیلوں کے ٹی وی چینلز پر جنگ سے متعلق بیانات کو "بکواس” قرار دیتے ہوئے تنقید کی۔انہوں نے زور دیا کہ بھارتی فوجی قیادت کو یہ سمجھنا ہوگا کہ بھارت اور پاکستان دونوں ایٹمی طاقتیں ہیں اور ایسی جنگ کے تباہ کن نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔ جنگ نہ صرف انسانی جانوں کا نقصان کرے گی بلکہ بھارت کی معیشت کو بھی بری طرح متاثر کرے گی۔
4
بانی پی ٹی آئی نے چیف جسٹس پاکستان کے نام خط لکھ دیا، چیف جسٹس چیمبر پہنچادیا گیابانی پی ٹی آئی نے قومی ایشوز پر چیف جسٹس پاکستان اور قائم مقام چیف جسٹس کے نام خط لکھ دیا، سلمان اکرم راجا نے خط چیف جسٹس چیمبر میں پہنچادیا۔ عمران خان نے خط میں اپنے اور پارٹی رہنماؤں کیخلاف مقدمات، گرفتاریوں، جیل میں ملاقاتوں سمیت دیگر معاملات اٹھائے ہیں۔سلمان اکرم راجا نے بانی پی ٹی آئی کا خط چیف جسٹس چیمبر میں پہنچا دیا۔ خط چیف جسٹس یحیٰی آفریدی اور قائم مقام چیف جسٹس کے نام لکھا گیا ہے۔خط میں بانی پی ٹی آئی کیخلاف مقدمات کا تذکرہ ہے، خط میں 26 نومبر اور پارلیمنٹ سے ارکان کی گرفتاری کا بھی حوالہ دیا گیا ہے جبکہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات میں رکاوٹوں کی بھی تفصیل شامل ہے۔بانی پی ٹی آئی نے اپنے خط میں کہا ہے کہ قوم کو جمہوریت پر یقین دلانے کی ضرورت ہے، سارے حقائق ریکارڈ پر رکھے ہیں، سب مل کر ہی زخم بھر سکتے ہیں، یہ سارے حقائق آپ سے کارروائی کا تقاضا کرتے ہیں۔خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ مجھے اور بشریٰ بی بی کو قید میں رکھنا سیاسی انتقامی کارروائی ہے۔ انہوں نے شاہ محمود، یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، محمودالرشید اور اعجاز چوہدری کا بھی ذکر کیا ہے۔خط میں بانی پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ چار ماہ میں صرف دو بار اپنے بیٹوں سے کال پر بات کی، بشریٰ بی بی سے ملاقات نہیں کروائی گئی، اخبار نہیں دیا جاتا، کئی دن چھوٹے سے سیل میں رکھا جاتا ہے۔خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی جیل ٹرائل کی سماعت نہ ہونے کے باعث اہلخانہ اور وکلاء کیساتھ ملاقات نہیں ہوئی، فہرست کے مطابق بانی پی ٹی آئی سے وکلاء کی ملاقات نہیں کروائی جاتی۔
5
نہریں نکالنے کے معاملے پر مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس طلب،مشترکہ مفادات کونسل سیکرٹریٹ نے سی سی آئی کے اجلاس کی طلبی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ وزیراعظم شہباز شریف مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔وزیراعظم اوربلاول بھٹو زرداری کی ملاقات میں اجلاس بلانے کا اعلان کیا گیا تھا۔ یہ مشترکہ مفادات کونسل کا 52 واں اجلاس ہوگا۔
6
روسی دارالحکومت ماسکو میں کار بم دھماکے میں فوج کا سینئر جنرل ہلاک ہوگیا۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق روسی دارالحکومت ماسکو میں کار بم دھماکے میں فوج کا سینئر جنرل ہلاک ہوگیا۔رپورٹ مطابق جنرل یروسلاؤ موسکالک آپریشن ڈائریکٹوریٹ کے نائب سربراہ تھے، دھماکا اس وقت ہوا جب روسی جنرل کار کے قریب سے گزرے۔
7
سونے کی قیمت میں ایک بار پھر کمی ہوگئی، فی تولہ نرخ ساڑھے تین لاکھ اور دس گرام 3 لاکھ روپے سے نیچے آگیا۔آل پاکستان صراف اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق پاکستان میں سونے کی قیمت مزید کمی کے بعد تین لاکھ 50 ہزار روپے سے نیچے آگئی۔رپورٹ کے مطابق فی تولہ نرخ 3300 روپے کی کمی کے بعد 3 لاکھ 48 ہزار 700 روپے کا ہوگیا جبکہ دس گرام سونا 2833 روپے گر کر 2 لاکھ 98 ہزار 950 روپے پر پہنچ گیا۔ 22 قیراط سونا بھی 2597 روپے سستا ہوکر 2 لاکھ 74 ہزار 47 روپے کا ہوگیا۔