جیو نیوز ہیڈلائنز6 بجے
1
امریکی ناظم الامور کا دورہ کراچی، وزیراعلیٰ سندھ اور کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں،امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے کراچی کا دورہ کیا اور تجارت، سرمایہ کاری اور کاروبار سے جڑے شعبوں میں بہتری لانے کے لیے اقدامات کے حوالے سے ملاقاتیں کیں۔ امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے 23 سے 24 اپریل کو کراچی کا دورہ کیا جس کا مقصد امریکا اور پاکستان کے درمیان تجارتی روابط کو فروغ دینا اور کاروباری شراکت داریوں کو مزید مستحکم کرنا تھا۔اپنے دورے کے دوران امریکی ناظم الامور نے پاکستان کی اہم کاروباری کمپنیوں کے عہدیداران سے ملاقات کی، اس موقع پر امریکی ناظم الامور نے کہا کہ امریکا کے لیے پاکستان کے ساتھ اقتصادی شراکت داری نہایت اہمیت کی حامل ہے اور ہم ترقی و خوشحالی کے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے پُرعزم ہیں۔
2
سندھ حکومت نے یکم مئی کو عام تعطیل کا اعلان کردیایکم مئی کو یوم مزدور پر عام تعطیل کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے بھرمیں جمعرات کو سرکاری و نیم سرکاری دفاتربند رہیں گے، جبکہ یکم مئی کو اسکول کالجز اور جامعات بھی بند رہیں گی۔
3
متنازع وقف ترمیمی قانون اور غیر مقامیوں کو ڈومیسائل دینے کیخلاف مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال،کشمیر میڈیاسروس کے مطابق متنازع وقف ترمیمی قانون اور غیرمقامیوں کو ڈومیسائل دینے کے خلاف مقبوضہ وادی میں ہڑتال حریت کانفرنس کی کال پر کی جارہی ہے جبکہ مودی حکومت کے مذموم منصوبوں کے خلاف سری نگر میں احتجاجی مارچ کیا جائے گا۔حریت کانفرنس کا کہنا ہے کہ بھارت فالس فلیگ آپریشنوں کے ذریعے تحریک آزادی کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہا ہے، مگر بھارت ا پنے مذموم منصوبوں میں کبھی کامیاب نہیں ہو گا، عالمی برادری اقوام متحدہ کی قراردادوں اور سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزیوں پر بھارت کا محاسبہ کرے۔
4
مودی سرکار کی بے رحمی، بچوں کے علاج کیلئے موجود پاکستانی فیملی کو بھی بھارت چھوڑنے کا کہہ دیا بچوں کے والد نے بتایا کہ پیدائشی طور پر دل کے عارضے میں مبتلا 7 اور 9 برس کے بچے نئی دہلی کے اسپتال میں داخل ہیں، اس ہفتے بچوں کی سرجری متوقع تھی تاہم بھارتی دفتر خارجہ واپس جانے کا کہہ رہا ہے۔متاثرہ بچوں کے والدین کا کہنا ہے موجودہ صورتِ حال کے پیش نظر خود کو بھارت میں غیر محفوظ تصور کر رہے ہیں، حکومت پاکستان سے اپیل ہے کہ ہماری مدد کی جائے۔
5
اے این پی کی اے پی سی میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی شرکت پر سیاسی کمیٹی کا اظہار برہمی،صوبائی صدر جنید اکبر نے شرکت کے فیصلے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے رہنماوں کی شرکت سے متعلق کمیٹی کو اعتماد میں نہ لینے پر معذرت کر لی۔خیبر پختونخوا میں معدنیات ایکٹ سے متعلق اے این پی کی آل پارٹیز کانفرنس میں پی ٹی آئی کے رہنما علی اصغر اور جنرل سیکرٹری پشاور ریجن شیر علی ارباب نے شرکت کی تھی جس پر پارٹی کی سیاسی کمیٹی نے برہمی کا اظہار کیا ہے۔ذرائع کے مطابق پارٹی کے واٹس ایپ گروپ میں کمیٹی ارکان نے سخت اعتراضات اٹھائے۔سیاسی کمیٹی کے ارکان کا کہنا تھا کہ ایمل ولی خان ناصرف پارٹی قیادت پر مسلسل تنقید کرتے آئے ہیں بلکہ ان کے مؤقف سے نظریاتی اختلاف بھی واضح ہے، انہوں نے کئی بار بانی پی ٹی آئی اور ان کے اہلخانہ کی کردار کشی کی۔