اسلام آباد(ای پی آئی )سپریم کورٹ آف پاکستان کا آئینی بینچ کل (پیر کو) فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل فیصلے کے خلاف نظر ثانی درخواستوں پر سماعت کرے گا۔سپریم کورٹ آف پاکستان میں 28اپریل سوموار سے شروع ہونے والے عدالتی ہفتے میں کیسز کی سماعت کے لئے 3آئینی بینچز تشکیل دے دیئے گئے۔

جاری کاز لسٹ کے مطابق آئینی بینچز فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے معاملہ پردائر نظر ثانی درخواستوں، آپریشن ضرب عضب کے متاثرین کی بحالی کے لئے 4فیصد سپرٹیکس کے نفاذ اور اسلام آباد ہائی کورٹ میں دیگر ہائی کورٹس سے ججز کے تبادلہ کے بعد سنیارٹی کے معاملہ پردائر درخواستوں پرسماعت کریں گے۔

سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس سید حسن اظہررضوی، جسٹس مسرت ہلالی ، جسٹس نعیم اخترافغان اور جسٹس شاہد بلال حسن پر مشتمل 7رکنی آئینی بینچ سوموار 28اپریل کو صبح ساڑھے 9بجے فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے معاملہ پر دائر 38نظرثانی درخواستوں پرسماعت کرے گا۔

اٹارنی جنرل آف پاکستان پیش ہوکردلائل دیں گے اورتوقع ہے کہ وہ فوجی عدالتوں کے فیصلوں کے خلاف ہائی کورٹ میں اپیل کاحق دینے کے حوالہ سے بینچ کوآگاہ کریں گے۔ توقع ہے کہ 28اپریل کوہی اٹارنی جنرل کے دلائل کے بعد کیس کامختصر فیصلہ سنادیا جائے گا یا پھر فیصلہ محفوظ کر لیا جائے گا جوبعد میں سنایاجائے گا۔

اس سے قبل اب تک آئینی بینچ فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے معاملہ پر دائرنظرثانی درخواست پر 54سماعتیں کرچکا ہے۔جبکہ جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں جسٹس جمال خان مندوخیل ، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس سید حسن اظہررضوی اور جسٹس شاہد بلال حسن پر مشتمل 5رکنی آئینی بینچ آپریشن ضرب عضب کے متاثرین کی بحالی کے لئے عائد 4فیصد سپرٹیکس کے خلاف دائر 1891درخواستوں پرسماعت کرے گا۔ درخواست گزاروں نے ہائی کورٹ کے فیصلوں کوسپریم کورٹ میں چیلنج کررکھا ہے۔

درخواست گزاروں کی جانب سے سابق اٹارنی جنرل مخدوم علی خان اپنے دلائل جاری رکھیں گے۔ جبکہ جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں جسٹس نعیم اخترافغان، جسٹس شاہد بلال حسن ، جسٹس صلاح الدین پہنور اور جسٹس شکیل احمد پر مشتمل 5رکنی آئینی بینچ تین ہائی کورٹس سے اسلام آباد ہائی کورٹ تبادلہ ہوکرآنے والے 3ججز کے تبادلے سے پیداہونے والے ججز سنیارٹی کے معاملہ پر دائر11درخواستوں پر 29اپریل بروز منگل دن ساڑھے 11بجے سماعت کرے گا۔

بینچ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے 5درخواست گزار ججز کے وکیل منیر احمد ملک کو دیگر درخواست گزاروں اور مدعا علیہان کے جواب پڑھ کر جواب الجواب جمع کروانے کی ہدایت کررکھی ہے۔