لاہور (ای پی آئی )سرکاری اسپتالوں کی ممکنہ نجکاری کے فیصلے کے خلاف سرکاری ہسپتالوں میں طبی عملے کی ہڑتال جاری، گرینڈ ہیلتھ الائنس کالاہور میں احتجاج ۔مظاہرین رکاوٹیں عبور کرکے سی ایم آفس پہنچ گئے۔ پولیس کی بھاری نفری تعینات ۔

ذرائع کے مطابق ممکنہ نجکاری کے فیصلے پر ڈاکٹرز نے احتجاج کرتے ہوئے اپنے کمروں کو تالے لگا دیے جبکہ نرسز اور پیرامیڈیکس اسٹاف نے آوٹ ڈور اور پرچی کاونٹرز کو بند کر دیا تھا۔ہڑتال کی وجہ سے لاہور کے سروسز ہسپتال، جناح ہسپتال اور دیگر اہم سرکاری ہسپتالوں کی او پی ڈی مکمل طور پر بند ہو چکی ہے۔

اس کے علاوہ، پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی ، گنگارام ہسپتال، چلڈرن ہسپتال سمیت دیگر سرکاری ہسپتالوں میں بھی او پی ڈیز بند ہیں، جس کی وجہ سے مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔مریضوں اور ان کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ہسپتالوں میں طبی عملے کی ہڑتال نے ان کی زندگی کو مزید مشکل بنا دیا ہے اور علاج کے لیے انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

طبی عملے کی ہڑتال کا سلسلہ جاری ہے اور ان کے مطالبات پر حکومتی سطح پر ابھی تک کوئی فیصلہ سامنے نہیں آ سکا ہے۔واضح رہے کہ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن (وائی ڈی اے) نے حکومت کی جانب سے سرکاری اسپتالوں کی ممکنہ نجکاری کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے او پی ڈیز میں کام بند کر رکھا ہے۔