لاہور(ای پی آئی )اینٹی کرپشن عدالت لاہور میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور پی ٹی آئی رہنما چوہدری پرویز الٰہی کے خلاف غیر قانونی بھرتیوں کے کیس کی سماعت ، عدالت نے چوہدری پرویز الٰہی کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔
دوران سماعت سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کے وکیل عامر سعید راں کی جانب سے عدالت میں موقف اختیار کیا گیا کہ ان کے مؤکل کی طبیعت ناساز ہے اور ڈاکٹرز نے مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے، لہٰذا عدالت سے ایک روزہ حاضری معافی کی استدعا ہے۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد درخواست منظور کرلی۔سماعت کے دوران محمد خان بھٹی سمیت دیگر شریک ملزمان عدالت میں پیش ہوئے اور حاضری مکمل کرائی۔ عدالت نے شریک ملزمان کو وکیل کرنے کی مہلت دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت ملتوی کر دی۔
جج نے ریمارکس دیے کہ شریک ملزمان آئندہ سماعت پر وکالت نامے جمع کروائیں، اس کے بعد مقدمے کی تاریخ مقرر کی جائے گی۔ اینٹی کرپشن لاہور اس مقدمے کا چالان پہلے ہی عدالت میں جمع کروا چکی ہے۔