راولپنڈی (ای پی آئی )ملک میں مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر عام تعطیل کے باعث اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں کے شیڈول کو بھی معطل کر دیا گیا،بانی پاکستان تحریکِ انصاف کے ساتھ آج کسی قسم کی ملاقات نہیں ہو سکے گی۔
جیل ذرائع کے مطابق تعطیل کے باعث قیدیوں اور حوالاتیوں سے عام ملاقاتیں بھی معطل رہیں گی۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی رہنما انتظار پنجھوتھا نے بانی پارٹی چیئرمین سے ملاقات کے لیے چھ سینئر سیاسی رفقا کی فہرست جیل حکام کو ارسال کی تھی۔
اس فہرست میں سید فخر جہان، سہیل خان، شاہد خٹک، میاں غوث، اظہر طارق، اور بلال عمر بودلہ کے نام شامل تھے۔ تاہم تعطیل کی وجہ سے اب یہ ملاقات اگلے ہفتے ممکن ہو سکے گی۔جیل انتظامیہ کے مطابق عام تعطیلات کے دوران سیکیورٹی اور دیگر انتظامی وجوہات کی بنا پر ملاقاتوں پر پابندی عائد کی جاتی ہے اور اس حوالے سے تمام قیدیوں کے اہل خانہ اور متعلقہ حلقوں کو پہلے ہی آگاہ کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ ہفتے کے آغاز میں معمول کے مطابق ملاقاتوں کا شیڈول دوبارہ جاری کیا جائے گا، جس کے مطابق بانی پی ٹی آئی سے ان کے سیاسی رفقا کی ملاقات کا امکان ہے۔


