کراچی (ای پی آئی )وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)نے کارروائی کرتے ہوئے امریکی ویزہ حاصل کرنے کے لیے جعلی سرکاری دستاویزات جمع کروانے والے شخص کو گرفتار کر لیا ۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق محمد ابراہیم نامی شخص کو امریکی قونصلیٹ کراچی کے باہر سے گرفتار کیا گیا۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزم نے وزارت خارجہ پاکستان کا جعلی زبانی نوٹ اور پارلیمنٹ ہائوس کا جعلی سفارشی خط امریکی ویزہ کے حصول کے لیے جمع کروایا تھا۔یہ گرفتاری امریکی قونصلیٹ کی شکایت پر عمل میں لائی گئی۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی انسانی سمگلنگ اور غیر قانونی سفری دستاویزات کے خلاف جاری مہم کا حصہ ہے۔ایف آئی اے کے مطابق مقدمہ الزام نمبر 142/25 کے تحت ملزم کے خلاف پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 420، 468، 471، 34 اور 109 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ۔

ایف آئی اے نے مزید کہا ہے کہ مقدمے کی تفتیش لیڈی سب انسپکٹر رافیہ الطاف کر رہی ہیں اور مزید افراد کی گرفتاری متوقع ہے۔