کراچی (ای پی آئی )کراچی کے علاقے گلشن حدید کے قریب لنک روڈ پر تیز رفتاری کے باعث مسافر بس ڈرائیور سے بے قابو ہو کر الٹ گئی 4 افراد جاں بحق 25 مسافر زخمی ہو گئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق افسوسناک گلشن حدید کے قریب لنک روڈ سمندری بابا مزار کے قریب حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، جہاں مسافر بس بے قابو ہو کر سڑک کنارے الٹ گئی، حادثے کے نتیجے میں 4 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 25 مسافر زخمی ہو گئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق، حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں 2 خاتون اور 2 مرد شامل ہیں، جن کی شناخت 35 سالہ کوثر سعید، 59 سالہ عبدالغفور، 25 سالہ غلام فرید اور 60 سالہ پنا محمد علی کے نام سے ہوئی ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق چاروں افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو جناح اور نجی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ جائے حادثے پر امدادی کارروائیاں مکمل کر لی گئی ہیں جبکہ پولیس نے شواہد جمع کر کے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

واقعے کے بعد لنک روڈ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی تاہم پولیس کی بروقت کارروائی سے راستہ بحال کر دیا گیا۔