اسلام آباد (ای پی آئی )سپریم کورٹ آف پاکستان میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان اور رکن قومی اسمبلی شیرافضل مروت کی دھاندلی کے خلاف درخواستوں پر سماعت ،آئینی بینچ نے تمام اعتراضات ختم کرتے ہوئے درخواستیں سماعت کے لیے منظور کرلیں ۔
تفصیل کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان آئینی بینچ کے سربراہ جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 5 رکنی آئینی بینچ نے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف کیس کی سماعت کی۔عدالت عظمیٰ نے سابق وزیراعظم عمران خان اور شیرافضل مروت کی دھاندلی کے خلاف درخواستیں سماعت کے لیے منظور کرلیں جبکہ آئینی بینچ نے درخواستوں پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات ختم کردیے۔
عدالت نے رجسٹرار آفس کو درخواستوں کو نمبر لگانے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ سماعت پر وکلا تیاری کرکے پیش ہوں۔شیرافضل مروت کے وکیل نے کہا کہ انتظامی سائیڈ پر جوڈیشل اعتراضات کا کوئی جواز نہیں،اعتراضات ختم کیے جائیں۔
عدالت نے شیر افضل مروت کے وکیل کی اعتراضات ختم کرنے کی استدعا منظور کرلی جبکہ جسٹس امین الدین خان سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے غیر معینہ مدت تک سماعت ملتوی کر دی۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان اور شیر افضل مروت نے عام انتخابات میں دھاندلی پر جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا جبکہ رجسٹرار آفس نے اعتراضات عائد کرکے درخواستیں واپس کر دی تھیں۔


