لاہور(ای پی آئی) پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر نے سوشل میڈیا پر اپنی ٹویٹ میں‌ کہا ہے کہ جدید دور میں اقوام کی طاقت صرف ان کی آبادی یا رقبے سے نہیں جڑی۔ یورپ کے تمام اور بہت سے دوسرے ممالک آبادی اور رقبے میں قدر کم ہیں لیکن وہ یہ جان چکے ہیں کے عدالتی نظام، قانون کی بالادستی اور سولین اداروں کی مضبوطی سے سرمایہ کاری اور معیاشی ترقی کا راز جڑا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان میں اسٹیبلشمنٹ نے اپنے ہاتھوں سے ان تمام اداروں کو تباہ کیا۔ خاص طور پر پچھلے دو سال میں جس طرح عدلیہ، پارلیمان اور الیکشن کمیشن کو روندا گیا اس سے ملک صدیوں پیچھے چلا گیا۔ آج صورتحال یہ ہے کے ایک ٹویٹ پر کسی بھی شہری کو اس کے بنیادی حقوق سے محروم کر دیا جاتا ہے اور سیاسی مخالفت کے باعث لوگوں کے کاروبار اور جائداد پر بلڈوزر چلا دیا جاتا ہے۔

حماداظہر نے کہا کہ ان حالات میں وہ معاشی ترقی جس کا اوپر ذکر ہے تو دور کی بات بلکہ ایسی قومیں اپنے آپ کو دیوالیہ ہونے اور اپنے وجود کو قائم رکھنے کی مسلسل جدوجہد میں رہتی ہیں۔ بڑا ملک اور ہر قسم کے وسائل بھی ہونے کے باوجود ایسے ممالک میں غربت کا ایک بڑھتا ہوا سمندر ہوتا ہے اورہنرمند افراد کا ملک کو چھوڑ کر جانا ان کا واحد ہدف رہ جاتا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہاکہ ادارے اور انصاف کا نظام اگر مضبوط ہو تو صحرا بھی دولت سے بھر جاتے ہیں اور اگر قانون نام کی کوئی چیز نا ہو تو سونے کے پہاڑ اور سر سبز زمین بھی غربت اور پستی کا منظر پیش کرتی ہے۔

حماد اظہر کا کہنا تھا کہ سیکورٹی سٹیٹ سے قانون کی بالادستی کی طرف ہر حال میں جانا ہو گا ورنہ دوسرے ممالک اور ہم میں معاشی عدام توازن اس قدر بڑھ جائے گا کے ہارڈ سٹیٹ کا ڈنڈا اور اثر صرف اپنی عوام پر ہی چلتا رہ جائے گا۔