اسلام آباد(ای پی آئی )صدر مملکت آصف علی زرداری نے سی ڈی اے ترمیمی آرڈیننس 2025 جاری کر دیا۔ صدر مملکت کی منظوری کے بعد سی ڈی اے ترمیمی آرڈیننس کا گزٹ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

ترمیمی آرڈیننس 2025 کے بعد اب معاوضہ صرف نقد کی صورت میں نہیں بلکہ زمین یا دیگر شکلوں میں بھی ادا کیا جا سکے گا۔ ڈپٹی کمشنر زمین اور بلڈنگز کے لیے الگ الگ کنٹریکٹ ایوارڈ کرنے کے مجاز ہوں گے۔

ترمیم میں متاثرین کی بحالی اور آبادکاری کو قانونی تحفظ حاصل ہوگا۔ تاخیر سے ادائیگی پر 8 فیصد سالانہ اضافی معاوضہ ادا کرنا پڑے گا۔آرڈیننس میں معذور، نابالغ یا قانونی مجبوری والے افراد کے لیے خاص اقدامات بھی شامل کیے گئے ہیں۔ اب جائیداد سی ڈی اے سے بغیر کسی رکاوٹ کے منتقل ہو سکے گی۔

زمینداروں کے حقوق کے تحفظ کی نئی ضمانتیں بھی ترمیمی آرڈیننس میں شامل کی گئی ہیں، جبکہ متاثرہ افراد کی زندگی کے معیار کی بحالی لازم قرار دی گئی ہے۔اکتوبر 2025 سے پہلے کے زیر التواء کیسز نئی پالیسی کے تحت نمٹائے جائیں گے۔