اسلام آباد (ای پی آئی )صدرمملکت نے قومی اسمبلی کا اجلاس کل( پیر کو) طلب کر لیا ۔صدر مملکت نے قومی اسمبلی کا اجلاس آئین کے آرٹیکل 54 کی شق 1 کے تحت تفویض شدہ اختیارات کو بروئے کار لاتے ہو طلب کیا ہے۔

سوموار کو ہونے والا اجلاس موجودہ قومی اسمبلی کا 16واں اجلاس ہو گا۔ اس سے قبل ہفتے کے روز وزیر دفاع خواجہ آصف کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ سوموار کے روز قومی اسمبلی کا اجلاس بلایا جائے جس میں انڈیا کی جانب سے ممکنہ جارحیت اور اقدامات کے خلاف مذمتی قرار داد منظور کی جائے۔

گذشتہ ماہ کے اواخر میں پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے سینیٹ میں انڈیا کی حالیہ جارحیت اور یکطرفہ اقدامات کے خلاف مذمتی قرارداد پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا تھا۔