اسلام آباد(ای پی آئی )سپریم کورٹ میں آئینی بینچز کل (سوموار)کو فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے معاملہ پر دائر نظرثانی درخواستوں اور آپریشن ضرب عضب کے متاثرین کی بحالی کے لئے 4فیصد سپر ٹیکس کے نفاذ کیسز کی سماعت کریں گے۔
تفصیل کے مطابق سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں جسٹس جمال خان مندوخیل ، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس سید حسن اظہر رضوی اور جسٹس شاہد بلال حسن پر 5رکنی آئینی بینچ آج ( سوموار)کو دن صبح ساڑھے 9بجے آپریشن ضرب عضب کے متاثرین کی بحالی کے لئے 4فیصد سپر ٹیکس کے نفاذ کے معاملہ پر مختلف ہائی کورٹس کے فیصلوں کے خلاف دائر1939اپیلوں پر سماعت کرے گا۔
جبکہ جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس سید حسن اظہررضوی، جسٹس مسرت ہلالی ، جسٹس نعیم اخترافغان اور جسٹس شاہد بلال حسن پر مشتمل 7رکنی آئینی بینچ آج (سوموار) کو دن ساڑھے 11بجے فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے معاملہ پردائر 38نظرثانی درخواستوں پر سماعت کرے گا۔
اٹارنی جنرل منصورعثمان اعوان بینچ کے سامنے پیش ہوکر دلائل دیں گے۔ اٹارنی جنرل فوجی عدالتوں سے سزا کے خلاف اپیل کاحق دینے اوردیگر معاملات پر بینچ کو آگاہ کریں گے۔ گزشتہ سوموار کے روز اٹارنی جنرل نے بینچ کے سامنے پیش ہوکراستدعا کی تھی کہ انہیں دلائل کے لئے 45منٹ درکار ہوں گے۔ توقع ہے کہ بینچ اٹارنی جنرل کے دلائل سننے کے بعد یا تومختصر حکمنامہ جاری کردے گا یا پھر فیصلہ محفوظ کر لیا جائے گاجو کہ بعد میں سنایا جائے گا۔


