گوجرانوالہ(ای پی آئی ) سندھ کے ضلع گوجرانوالہ کے تھانہ تتلے عالی کی حدود میں اڑتالی ورکاں میں دیرینہ دشمنی پر مسلح افراد کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں پانچ افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہوگیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق مقتولین میں تین افراد موقع پر جاں بحق ہوئے جبکہ دو زخمی اسپتال میں دم توڑ گئے۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت عمر، بلا، عثمان اور دیگر کے نام سے ہوئی ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ دیرینہ دشمنی اور سابقہ رنجش کا نتیجہ ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ ملزم عمران نذیر ورک نے کی، جس نے پانچوں افراد کو نشانہ بنایا۔ مقتولین اور ملزم کے درمیان کافی عرصے سے دشمنی چلی آ رہی تھی۔
لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ پولیس نے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔