دی ہیگ(ای پی آئی )بھارت کی جانب سے پہلگام ڈرامے کو بنیاد بنا کر جنگ مسلط کرنے کی کوششوں پر پاکستانی کمیونٹی نے ہالینڈ کے دارلحکومت دی ہیگ میں بھارتی سفارتخانے کے سامنے مظاہرہ کیا ہے
اس موقع پر مودی حکومت کے جنگی جنون اور پہلگام ڈرامے کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی ۔پاکستانی کمیونٹی نے بھارت کی مودی حکومت کے جنگی جنون اور پہلگام واقعے کو جھوٹا ڈرامہ قرار دیتے ہوئے بھرپور احتجاج کیا۔ مظاہرے کے دوران مودی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔
شرکا نے فلک شگاف نعرے لگائے، جن میں شامل تھے:”مودی دہشتگرد”، "مودی کا جنگی جنون نامنظور”، "کشمیر بنے گا پاکستان”، "افواجِ پاکستان زندہ باد”، "جنرل عاصم منیر، انڈیا کو تن کے رکھو، ہم تمھارے ساتھ ہیں”۔
مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارت مخالف اور کشمیری عوام کے حق میں نعرے درج تھے۔احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن یورپ کے چیئرمین ڈاکٹر چوہدری پرویز اقبال لوہسر نے بھارت کو للکارا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی مودی سرکار جھوٹ اور فریب کے سہارے دنیا کو گمراہ نہیں کر سکتی۔ "ہم افواجِ پاکستان اور قیادت کے ساتھ کھڑے ہیں، جو بھارت کی ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔”انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کی اشتعال انگیزی اور خطے کے امن کے خلاف اقدامات کا سخت نوٹس لے۔