راولپنڈی (ای پی آئی ) بھارت کی جانب سے رات کی تاریکی میں پاکستان پر حملے کے بعد پاک فضائیہ کی جانب سے سرپرائز کارروائی نے دشمن کو نانی یاد دلادی ہے ۔ بھارتی فوج کی جانب سے چورا کمپلیکس پر سفید جھنڈے کا لہرانے کے بعد اب بھارتی فوج نے ایک اور سیکٹر پر گھٹنے ٹیک دیے۔

بھارتیوں نے چکوٹھی سیکٹر پر بھی سفید پرچم لہرا دیا۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارت کی جانب سے بزدلانہ حملے کے بعد پاک فضائیہ کی جانب سے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں لائن آف کنٹرول کے چکوٹھی سیکٹر میں بھی بھارتی فوج نے سفید جھنڈا لہرا دیا، جس کا مطلب گھٹنے ٹیکتے ہوئے شکست کو تسلیم کرنا ہے۔

بھارتی فوج کی بزدلانہ کارروائیوں کا پاک فوج بھرپور انداز سے جواب دے رہی ہے۔بھارتی حملے کے بعد پاک فوج نے لائن آف کنٹرول پر مزید بھارتی پوسٹیں تباہ کردیں۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق لائن آف کنٹرول پر پاک فوج کی موثر جوابی کارروائیاں جاری ہیں۔ ایل او سی پر بٹل سیکٹر میں دشمن کی دھرمسل -1اور 2 پوسٹیں بھی تباہ کردی گئی ہیں۔

اسی طرح لائن آف کنٹرول کے نیزہ پیر سیکٹر کےمقابل بھارتی فوج کی شاہپور -3 پوسٹ بھی تباہ کردی گئی ہے۔ دشمن کی پوسٹوں کو مارٹر گولوں سے نشانہ بنایا گیا ہے اور بھارتی پوسٹیں دھویں کے بادلوں میں لپٹ گئی ہیں۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی جارحیت کا پاک فوج اُسی کی زبان میں جواب دے رہی ہے۔ پاکستان کی مسلح افواج کی جوابی کارروائیوں میں دشمن کا بھاری نقصان ہو رہا ہے۔بھارت کی جانب سے رات گئے حملے کے بعد دشمن کی خاکی ٹیکری پوسٹ پاکستانی آرٹلری کی زد میں آ گئی۔

پاکستان کی جانب سے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب جاری ہے اور اس دوران بھارتی خاکی ٹیکری پوسٹ کو پاکستانی آرٹلری نے تباہ کر دیا ۔پاک فوج کی جانب سے بھارتی جارحیت کا جواب بھر پور طریقے سے جاری رہے گا۔