راولپنڈی (ای پی آئی ) بھارت کی جارحیت کے جواب میں پاکستان کی جانب سے جوابی کارروائی میں بھارت کو پہنچنے والے بھاری نقصان کی خبر لگانے پر دباؤ بھارتی انگریزی اخبار ’دی ہندو‘ کو خبر ویب سائٹ سے ڈیلیٹ کرنا پڑ گئی ۔
ابتدائی طور پر دی ہندو نے خبر شائع کی کہ پاک فضائیہ نے تین بھارتی جنگی طیارے تباہ کر دیے ہیں۔ تاہم کچھ دیر بعد ویب سائٹ پر موجود خبر کلک کرنے پر غائب ہوگئی اور تفصیلات نظر آنا بند ہوگئیں۔ اس کے بعد خبر مکمل طور پر ویب سائٹ سے ہٹا دی گئی۔ سوشل میڈیا پر کی گئی پوسٹ بھی غائب کر دی گئی، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ بھارتی میڈیا شدید حکومتی دباؤ میں ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ طیارے گزشتہ رات پاکستان کے مختلف علاقوں پر ہونے والے بھارتی حملوں کے بعد جوابی کارروائی میں مار گرائے گئے تھے۔ پاک فضائیہ نے 3 رافیل، ایک مگ 29، ایک سخوئی اور ایک ڈرون کو نشانہ بنایا، جبکہ بھارتی بریگیڈ ہیڈکوارٹر بھی تباہ کیا گیا۔
پاکستانی میڈیا اور افواج کے ترجمان نے ان کامیاب کارروائیوں کی کھل کر تفصیلات میڈیا پر شیئر کیں، جب کہ بھارتی میڈیا نے سچ چھپانے اور صرف مودی حکومت کا بیانیہ دہرانے کی روش برقرار رکھی۔
بھارتی میڈیا میں آزادانہ صحافت کا شدید فقدان دیکھا جارہا ہے اور بیشتر ادارے مودی سرکار کے پروپیگنڈا ٹول بن چکے ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ رات بھارتی فوج نے اندھیرے میں پاکستان کے شہری علاقوں پر حملے کیے، جس کے نتیجے میں 26 شہری شہید ہوئے۔
تاہم پاک فوج نے فوری اور مؤثر ردعمل دے کر دشمن کو بھاری نقصان پہنچایا۔ وزیراطلاعات عطا اللہ تارڑ کے مطابق بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر سفید جھنڈا لہرا کر اپنی شکست تسلیم کی ہے۔