اسلام آباد(ای پی آئی ) پاکستان نے عالمی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف) کی شرائط کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے قیمتوں میں کمی لانے کے لیے پانچ سالہ قومی ٹیرف پالیسی متعارف کرانے کی تجویذ دی ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان آئندہ بجٹ میں اوسط وزنی ٹیرف میں تقریباً 1 فیصد کمی لانے کے لیے پانچ سال (2025-29) کے لیے ایک قومی ٹیرف پالیسی پر کام کررہا ہے اور اس ضمن میں جائزہ رپورٹ وزیر اعظم و کابینہ دویژن کو پیش کردی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق پانچ سالہ قومی ٹیرف پالیسی کی منظوری اور نفاذ کے بعد پاکستان میں گاڑیوں اور دیگر مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی واقع ہو جائے گی ۔ قومی ٹیرف پالیسی (این ٹی پی) برائے 2025-29 کا نفاذ اگلے بجٹ 2025-26 سے کیا جائے گا۔

پانچ سال کی مدت یعنی 2029 تک مجموعی وزنی اوسط ٹیرف 10.6 فیصد سے کم کر کے 7.2 فیصد کر دیا جائے گا۔ نئی متوقع قومی ٹیرف پالیسی کے نفاذ کے پہلے سال میں، اگلے بجٹ 2025-26 سے اوسط وزنی ٹیرف میں تقریباً 1 فیصد کمی کی جائے گی۔