راولپنڈی (ای پی آئی) مری کی تحصیل کوٹلی ستیاں کے علاقہ کرورموچھ میں بھارتی ڈرون مسجد کی دیوار سے ٹکرا کر تباہ۔ دو معصوم بہنیں زخمی پی ٹی آئی رہنما میجر ریٹائرڈ لطاسب ستی موقع پر پہنچ گئے ۔

تفصیل کے مطابق پاکستان کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کے بعد بھارت کی بوکھلاہٹ میں اضافہ ہو گیا ،پاکستان میں بھیجا گیا ڈرون مسجد کی دیوار سے ٹکرا کر تبا ہو گیا جس سے 2 معصوم بہنیں جن کی عمر 2 سال اور 6 سال ہے زخمی ہو گئیں جبکہ مسجد کو بھی جزوی نقصان پہنچا اور اس کے شیشے ٹوٹ گئے۔

واقعہ کی اطلاع پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما میجر ریٹائرڈ لطاسب ستی موقع پر پہنچ گئے ،اور کہا کہ انڈیا کے بزدلانہ حملے کے نتیجے میں الحمدللہ پاکستان کی عوام کے حوصلے بلند ہیں اور ہم بھارت کی ہر قسم کی جارحیت کا نہ صرف مقابلہ کرنے بلکہ منہ توڑ جواب دینے کا حوصلہ اور صلاحیت رکھتے ہیں۔

اس موقع پر کارکنان عہدیداران اور اہلیان علاقہ نے زبردست نعرہ بازی کی اور فضاء نعرہ تکبیر اور پاکستان زندہ باد سے گونج اٹھی۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ سنیئر رہنما پاکستان تحریک انصاف سردار بلال، سنئیر رہنما جہانزیب ستی، انفارمیشن سیکرٹری ضلع مری طارق عزیز ستی، سابق جنرل سیکرٹری قاصد ستی، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری اسد رشید ستی، راجہ حق نواز، راجہ عمران، حافظ کلیم، دیگر پارٹی کارکنان، عہدیداران اور کثیر تعداد میں اہلیان علاقہ بھی ہمراہ موجود تھے۔