اسلام آباد(ای پی آئی )سپریم کورٹ میں الیکشنز ایکٹ 2017میں اوورسیز پاکستانیوں کوووٹ کاحق دینے کی درخواست پر سماعت آج ہو گی ۔
سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں جسٹس جمال خان مندوخیل ، جسٹس شاہد بلال حسن، جسٹس شکیل احمد اورجسٹس علی باقرنجفی پر مشتمل پانچ رکنی آئینی بینچ آج (سوموار) کو صبح ساڑھے 9بجے کیسز کی سماعت کرے گا۔
بینچ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اورسابق وزیر اعظم عمران خان، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد، اسلام آباد ہائی کورٹ بارایسوسی ایشن ، دائود غزنوی اور دیگر کی جانب سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے معاملہ پر الیکشنزایکٹ 2017کے سیکشن 94میں تبدیلی کے خلاف دائر 4درخواستوں پر سماعت کرے گا
جبکہ جسٹس امین الدین خان، جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر ، جسٹس سید حسن اظہر رضوی اور جسٹس شاہد بلال حسن پر مشتمل 5رکنی آئینی بینچ خیبرپختونخوا اور فاتا کے آپریشن ضرب عضب کے متاثرین کی بحالی کے لئے 4 فیصد سپر ٹیکس کے نفاذ کے خلاف دائر درخواستوں پرمنگل کے روز صبح ساڑھے 9بجے سماعت کرے گا۔
ایف بی آر کے وکیل میاں رضاربانی اپنے دلائل جاری رکھیں گے۔ جبکہ جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر ،جسٹس سید حسن اظہررضوی، جسٹس مسرت ہلالی، جسٹس نعیم اخترافغان، جسٹس شاہد بلال حسن، جسٹس محمد ہاشم خان کاکڑ، جسٹس صلاح الدین پہنور، جسٹس عامر فاروق اور جسٹس علی باقرنجفی پر مشتمل 11رکنی آئینی بینچ پاکستان تحریک انصاف کو خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستیں دینے کے فیصلے کے خلا ف پاکستان مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے دائر نظرثانی درخواستوں پر منگل کے روز دن ساڑھے 11بجے سماعت کرے گا۔
بینچ نے درخواست پر مدعا علیہان کونوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کررکھا ہے۔
جبکہ محمد علی مظہر کی سربراہی میں جسٹس نعیم اخترافغان، جسٹس شاہد بلال حسن، جسٹس صلاح الدین پہنور اور جسٹس شکیل احمد پر مشتمل 5رکنی آئینی بینچ ، اسلام آباد ہائی کورٹ میں دیگر ہائی کورٹس سے ججز کے تبادلہ کے بعد سنیارٹی کے معاملہ پر دائر 12درخواستوں پربدھ کے روز دن ساڑھے 11بجے سماعت کرے گا۔
اسلام آبادہائی کورٹ کے جسٹس محسن اخترکیانی سمیت 5ججز کے وکیل سابق اٹارنی جنرل منیراحمد ملک اپنے دلائل جاری رکھیں گے۔


