اسلام آباد (ای پی آئی ) ترقی کے منتظر وفاقی بیورو کریسی کے 7سو سے زیادہ افسران بے یقینی کی صوتحال سے دو چار ہیں ۔
ذرائع کے مطابق وفاقی بیورو کریسی کےگریڈ انیس اور بیس کے سات سو زائد افسران کی ترقیوں کا عمل التو اکا شکار ہے اور حالیہ پاک بھارت کشیدگی کی وجہ سے اس میں مزید تاخیر کا امکان ہے ۔رواں سال مارچ کے دوسرے ہفتے میں سنٹرل سلیکشن بورڈ نے مختلف سروس گروپوں اور وفاقی محکموں کے ایکس کیڈر افسروں کو گریڈ انیس سے بیس اور بیس سے اکیس میں ترقی دینے کی منظوری دی تھی،
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے بورڈ کی سفارشات حتمی منظوری کیلئے وزیر اعظم کو بھجوا دی تھیں لیکن تاحال وزیر اعظم نے ان سفارشات کی منظوری نہیں دی ہے اور معاملہ التوا کا شکار ہے جس کی وجہ سے ترقی کے منتظر وفاقی بیوروکریسی کے افسران میں بے چینی بڑھتی جارہی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم کی منظوری کے بعد ہی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن ان افسروں کی ترقی کے با ضابطہ نو ٹیفکیشن جا ری کرے گا اور بیورو کریسی میں بڑے پیمانے پر تقرر و تبادلے کئے جائیں گے جس کیلئے پوسٹنگ پلان تیار کئے جا چکے ہیں۔
ادھر ذرئع سے معلوم ہوا ہے کہ ایف بی آر کے سات افسروں کو گریڈ22میں ترقی دینے کیلئے ہائی پاورڈ سلیکشن بورڈ کا اجلاس رواں ہفتے ہونے کا امکان ہے۔ بورڈ میں ان لینڈ ریونیو سروس کے چار اور پا کستان کسٹم سروس کے تین افسروں کو گریڈ اکیس سے بائیس میں ترقی دی جا ئے گی۔


