راولپنڈی(ای پی آئی )بھارت کو منہ توڑ جواب دینے والے آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی کے بعد پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے بیانات کی ایک ویڈیو شیئر کی گئی جس میں انہیں ملکی سالمیت اور خود مختاری کے حوالے سے بات کرنے سنا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر کہہ رہے ہیں الحمدللہ! تاریخ نے یہ ثابت کیا ہے کہ افواج پاکستان اور قوم ہر جارحیت کے خلاف پوری قوت سے سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوئے ہیں۔
آرمی چیف نے کہا کہ علاقائی سالمیت اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے پاکستان میں بھرپور دفاعی صلاحیت موجود ہے، ملکی سالمیت کا دفاع کیسے کرنا ہے یہ ہم بخوبی جانتے ہیں۔
جنرل عاصم منیر نے کہا کہ 13 لاکھ بھارتی فوج اپنے تمام تر ہتھیاروں سے ہمیں ڈرا اور دھمکا نہیں سکتی، ہمارے آبائو اجداد نے اور ہم نے اس ملک کو بنانے کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور ہم اس کی حفاظت کرنا بھی جانتے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کہہ رہے ہیں کہ ہم بھارت کی طاقت، مکاری اور جارحیت سے مرعوب ہونے والی قوم نہیں ہیں۔


