لاہور(ای پی آئی ) پاک بھارت جنگ میں پاکستانی فوج کی شاندار کامیابی پر پنجاب اسمبلی میں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے 10 مئی کو یومِ فتحِ پاکستان کے طور پر منانے کی قراداد جمع کرا دی گئی ،

قرارداد ممبر صوبائی اسمبلی سارہ احمد مہوش کی جانب سے جمع کرا ئی گئی ہے، جس میں ہر سال 10 مئی کو یومِ فتحِ پاکستان کے طور پر منانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔قرارداد میں کہا گیا کہ یہ ایوان پاکستان کی مسلح افواج کو عظیم عسکری کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہے،

بھارت کی جانب سے طاقت کا توازن بدلنے کی تمام کوششیں ناکام ہو گئیں اور پاکستان نے عسکری مہارت، حکمت عملی اور ٹیکنیکل برتری سے دشمن کو فیصلہ کن شکست دی۔قرارداد میں اس امر کو اجاگر کیا گیا کہ پاکستان نے عسکری اہداف کو نشانہ بنا کر اخلاقی اور اسٹریٹجک برتری حاصل کی جبکہ بھارت کا جدید عسکری ساز و سامان جیسے کہ رافیل طیارے، براہموس میزائل اور S-400 دفاعی نظام مکمل طور پر ناکام ہو گیا۔

قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان اور چین کا عسکری اتحاد اب خطے میں ایک نئی طاقتور حقیقت بن چکا ہے، جو کسی بھی جارحیت کا موثر جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ایوان نے آرمی چیف، جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، پاک فضائیہ، پاک بحریہ اور دیگر سکیورٹی اداروں کو خراجِ تحسین پیش کیا، اور شہدا اور معصوم بچوں کو بھی یاد کیا۔