اسلام آباد(ای پی آئی )اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور مرکزی سیکریٹری اطلاعات رؤف حسن کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیدیا ۔
تفصیل کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس انعام امین منہاس نے رؤف حسن کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر سماعت کی ۔دوران سماعت عدالت نے پی ٹی آئی رہنما کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا حکم غیر قانونی اور بدنیتی پر مبنی قرار دیتے ہوئے نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست منظور کر لی۔
رؤف حسن کو بیرون ملک سفر کی اجازت کے لیے ٹرائل کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کر دی۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ ٹرائل کورٹ رؤف حسن کی درخواست پر قانون کے مطابق جلد فیصلہ کرے،
وکیل کے مطابق رؤف حسن کینسر کے مریض ہیں جنہیں چیک اَپ کے لیے برطانیہ جانا ہے۔عدالتی حکم میں کہا گیا کہ وکیل کے مطابق پٹیشنر پر ایف آئی اے کا مقدمہ ہے جس میں وہ ضمانت پر ہیں، وکیل نے دلائل دیے کہ محض مقدمہ درج ہونے پر کسی کا نام ای سی ایل میں شامل کرنا بلا جواز ہے۔


