راولپنڈی(ای پی آئی )بھارتی مسلح افواج کی جانب سے 6 اور 7 مئی کی رات جارحیت کا مطاہرہ کرتے ہوئے بلااشتعال اور بزدلانہ حملہ کر کے پاکستان کے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا ،

ترجمان پاک فوج (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارت کی بزدلانہ کارروائیوں کے نتیجے میں 40 بے گناہ شہری شہید ہوئے جن میں 7 خواتین اور 15 بچے شامل ہیں جبکہ 121 افراد زخمی ہوئے جن میں 10 خواتین اور 27 بچے شامل ہیں۔پاکستانی افواج نے ’’معرکۂ حق‘‘ کے تحت بھارتی جارحیت کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا۔ ’’آپریشن بنیان مرصوص‘‘ کے ذریعے دشمن کو نشانہ بناتے ہوئے، پاکستانی افواج نے دشمن کی پوزیشنز پر انتہائی درستگی سے جوابی حملے کیے۔

وطن عزیز کا دفاع کرتے ہوئے پاک افواج کے 11 جانباز سپوت شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہوئے جبکہ 78 اہلکار زخمی ہوئے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق بھارتی جارحیت کے دوران شہید ہونے والوں میں پاکستان آرمی کے نائیک عبد الرحمٰن،لانس نائیک دلاؤر خان،لانس نائیک اکرام اللہ،نائیک وقار خالد،سپاہی محمد عدیل اکبر،سپاہی نثار، جبکہ پاک فضائیہ کے اسکواڈرن لیڈر عثمان یوسف،چیف ٹیکنیشن اورنگزیب،سینیئر ٹیکنیشن نجیب،کارپورل ٹیکنیشن فاروق،سینیئر ٹیکنیشن مبشر شامل ہیں ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہداء کی یہ عظیم قربانیاں جرأت، ایثار اور بے مثال حب الوطنی کی روشن علامت ہیں جو ہمیشہ قوم کی یادوں میں زندہ رہیں گی۔ پاکستانی مسلح افواج اور پوری قوم، شہداء کو سلامِ عقیدت پیش کرتی ہے اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق قوم دشمن کی ہر جارحیت کے خلاف پرعزم ہے اور کوئی غلط فہمی نہ رہے۔ پاکستان کی خودمختاری اور سرحدوں کی حرمت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ کسی بھی جارحیت کی آئندہ کوشش کا بھرپور، فیصلہ کن اور ہر محاذ پر جواب دیا جائے گا، ان شاء اللہ۔