لاہور (ای پی آئی ) انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں پاکستان تحریک انصاف عمر ایوب، فواد چودھری، اسد عمر اور اعظم سواتی کے خلاف 9 مئی کے درج مقدمات کی سماعت ۔عدالت نے عبوری ضمانتوں میں 16 جون تک توسیع کر دی۔
تفصیل کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے مقدمات کی سماعت کی ۔دوران سماعت فواد چودھری، علی امتیاز، کرامت کھوکھر سمیت دیگر نے حاضری مکمل کروائی، بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خانم عدالت میں پیش نہیں ہوئیں، وکیل نے ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست دی جبکہ پی ٹی آئی رہنما اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست دائر کی گئی،
وکیل نے عدالت کو بتایا کہ عمر ایوب ہسپتال داخل ہیں، عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزمان کے وکلاء کو ضمانتوں پر حتمی دلائل کیلئے طلب کر لیا، دوران سماعت جے آئی ٹی کے تفتیشی افسران نے تفتیشی رپورٹ پیش کی جس میں علیمہ خان اور عظمی خان سمیت تمام ملزمان گناہ گار قرار دیئے گئے ہیں۔جمشید اقبال چیمہ، مسرت جمشید چیمہ، حافظ فرحت عباس، بلال اعجاز، حسن نواز، علی امتیاز وڑائچ اور محمد احمد چٹھہ، محمد اشرف سوہنا سمیت دیگر نے عبوری ضمانت کیلئے درخواست دائر کی ہوئی ہے۔
علاوہ ازیں اسی عدالت میں جناح ہاؤس، عسکری ٹاور حملہ اور تھانہ شادمان نذر آتش مقدمات میں سابق وفاقی وزیر اسد عمر کی عبوری ضمانت میں 16 جون تک توسیع کر دی، عدالت نے تینوں مقدمات میں اسد عمر کے پرانے ضمانتی مچلکے بحال رکھے ہیں۔عدالت نے لاہور جناح ہاؤس سمیت چار جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کی عبوری ضمانت میں بھی 16 جون تک توسیع کر دی ہے۔