اسلام آباد(ای پی آئی ) پہلگام واقعہ کے بعد بھارتی اقدامات کے جواب میں پاکستان کی جانب سے بھارتی ایئرلائنز کے لئے فضا حدود کی بندش سے بھارت کو بھاری نقصان ،
پاکستان کی فضائی حدود کی بندش کے 19 روز میں بھارتی ایئر لائنز کو 400 کروڑ روپے سے زائد کا معاشی نقصان اٹھانا پڑ گیا ۔ذرائع کے مطابق امرتسر، دہلی، ممبئی، احمد آباد سمیت مختلف شہروں سے جانے والی پروازوں کو یومیہ کروڑوں روپے کے نقصان کا سامنا ہے۔ لمبے فلائٹ روٹس کے باعث فیول، عملے کے اخراجات، اور فلائٹ تاخیر میں شدید اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
جنگ بندی کے باوجود 24 بھارتی ائیرپورٹس بند ہیں اور رپورٹ کے مطابق 444 پروازیں آج منسوخ ہو چکی ہیں۔ سری نگر ایئرپورٹ سات دنوں سے بند ہے، روزانہ کی 65 پروازیں منسوخ ہورہی ہیں جبکہ لداخ (لیح کوشک) اور جموں ایئرپورٹ کی تمام 30 پروازیں منسوخ ہوگئی ہیں۔
حیران کن بات یہ ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کے باوجود بھارت نے اپنے 24 ہوائی اڈے تاحال بند رکھے ہیں، جس سے بھارتی عوام اور معیشت دونوں کو نقصان پہنچ رہا ہے۔