اسلام آباد(ای پی آئی )دنیا بھر میں پاک بھارت حالیہ جنگ کے حوالے سےپاکستان کی جنگی حکمت عملی کا مختلف پہلوئوں سے جائزہ لیا جارہا ہے اور کوشش کی جارہی ہے کہ آخر بھارت کی فوج پاکستان کیخلاف اتنی کمزور کیوں ثابت ہوئی؟۔
اس ضمن میں امریکی عسکری جریدے نیشنل انٹریسٹ نے تجزیاتی رپورٹ شائع کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بھارت کے جدید ترین رافیل طیاروں کا نقصان، نئی دہلی کی ساکھ کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت، پاکستانی فضائیہ کے ساتھ ٹکراؤ میں خود کو برتر نہ سمجھے، پاکستان ائرفورس نے پوری دنیا کو پیغام پہنچا دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق عام تاثر تھا کہ بھارت کو پاکستان پر برتری حاصل ہے لیکن پاکستان نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا ہے۔ جریدہ لکھتا ہے کہ بھارت کو نیوکلئیر کمانڈ اور کنٹرول سسٹم میں پاکستان سے بہتر تصور کیا جاتا رہا لیکن پاکستان کی فوج نے غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ گو کہ بھارت کے پاس یورپی اور روسی ساختہ جدید ہتھیاروں کا امتزاج ہےلیکن پاکستان ائرفورس نے ابتدائی بھارتی فضائی حملوں کو روک کر غیرمعمولی دفاع صلاحیت ثابت کی۔
رپورٹ میں اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ پاکستان نے آپریشن کے آغاز میں ہی بھارتی فضائیہ کے پانچ جنگی طیارے مار گرائے۔رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بھارتی پائلٹس میں مناسب فلائٹ ٹریننگ کی شدید کمی ہے۔
بھارتی ائرفورس کی غیر معیاری ٹریننگ نے بھارتی جنگی صلاحیت کو متاثر کیا۔ پاکستان فضائیہ کی برتری کی بڑی وجہ پاک فضائیہ کے پائلٹس کی بہتر تربیت اور جنگی تجربہ ہے۔
پاکستانی پائلٹس افغانستان کے ساتھ سرحدی علاقے میں مسلسل انسداد دہشت گردی آپریشنز کرتے رہے ہیں۔رپورٹ میںمزید کہا گیا ہے کہ حالیہ پاک بھارت جنگ جدید حربی تکنیک کی نصاب میں ایک نیا غیر معمولی اضافہ ہے