اسلام آباد(ای پی آئی )حکومت نے تعمیراتی صنعت کے فروغ کے لیے کم لاگت کے گھروں کی تعمیر کی حوصلہ افزائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس ضمن میں 3 سے 5 مرلہ کے کم لاگت گھروں کے لیے کمرشل بینکوں کے قرضوں پر شرح سود میں سبسڈی فراہم کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا جارہا ہے۔
ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ چھوٹے گھروں کی تعمیر کے لیے کمرشل بنکوں کے ذریعے فنڈنگ کے مختلف پہلوئوں کا جائزہ لینے کے لیے متعلقہ وزارتوں کو لاگت کا درست تعین کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں تاکہ کمرشل بینک آنے والے سالوں میں فنڈنگ کے لیے بجٹ مختص کر سکیں۔اس حوالے سے پچھلے روز وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال کی زیر صدارت کم لاگت رہائشی اسکیموں سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس بھی ہوا، جس میں پاکستان میں طویل المدتی رہائشی فنانسنگ کو درپیش چیلنجز کا جائزہ لیا گیا اور قابل عمل پالیسی ماڈلز پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں سیکریٹری منصوبہ بندی ،گورنر اسٹیٹ بینک اور وائس چانسلر پی آئی ڈی ای کے علاوہ نجی بینکوں کے سی ای اوز، پی ایم آر سی اور نیشنل بینک آف پاکستان کے نمائندے شریک ہوئے۔
اجلاس کے دوران سنگاپور، جنوبی افریقہ، ترکی، بنگلہ دیش، برازیل اور بھارت سمیت دیگر ممالک کے رہائشی قرضوں کے کامیاب ماڈلز کا جائزہ لیا گیا تاکہ ایک قابل عمل اور پائیدار ہاؤسنگ فنانس فریم ورک تیار کیا جاسکیں ۔


