اسلام آباد(ای پی آئی )پاکستان پرقرضوں کے بوجھ میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور ملک پر قرضے اور واجبات تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچتے ہوئے ریکارڈ89 ہزار834ارب روپےہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان پر قرضوں کا بوجھ مزید بڑھ گیا ہے اور رواں مالی سال کے پہلے نو ماہ جولائی دو ہزار چوبیس تا مارچ دو ہزار پچیس کے دوران قرضوں اورواجبات میں 4ہزار377 ارب روپےکا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی دستاویزکے مطابق مارچ2025 تک پاکستان پر قرضے اور واجبات 89ہزار 834ارب روپےہوگئے،مارچ2025 تک ملک پرمقامی قرضہ51 ہزار 518ارب روپےجبکہ غیر ملکی قرضہ اور واجبات36ہزار509ارب روپے رہے۔

دستاویز کےمطابق مارچ 2024 تک ملک پرقرضوں اورواجبات کاحجم 81ہزار 450ارب روپے تھااورجون 2024 تک پاکستان پرقرضےاورواجبات85ہزار457 ارب روپے تھے۔

یکم اپریل 2024سے31مارچ 2025تک ایک سال میں قرضوں اورواجبات میں8 ہزار384 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔ذرائع کے مطابق کرنٹ اخراجات میں خسارے کے پیش نظر قرضے مزید بڑھنے کا امکان ہے۔