لاہور (ای پی آئی ) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی کے خلاف غیر قانونی بھرتیوں کے کیس کی سماعت ،عدالت نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی۔

تفصیل کے مطابق اینٹی کرپشن عدالت لاہور میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کیخلاف پنجاب اسمبلی میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کے کیس کی سماعت ہوئی،

دوران سماعت سابق پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی نے عدالت کے روبرو پیش ہو کر حاضری مکمل کروائی جبکہ پرویز الٰہی کی ایک روزہ حاضری معافی درخواست دائر کی گئی۔

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے درخواست میں کہا گیا کہ طبیعت ناساز ہے، ڈاکٹرز نے آرام کا مشورہ دیا ہے اس لیے عدالت ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرے۔

عدالت نے مختار احمد رانجھا کی بریت کی درخواست پر دلائل طلب کرتے ہوئے پرویز الٰہی کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی۔