لندن(ای پی آئی )محکمہ ٹیکس برطانیہ نے سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کے صاحبزادے حسن نواز کی بینک کرپسی کو ختم کر دیا۔

محکمۂ ٹیکس کے مطابق حسن نواز کسی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث نہیں ہیں جس کے باعث ان کی بینک کرپسی کی مدت ختم ہوئی ہے ۔بینک کرپسی کی مدت مکمل ہونے کے بعد اب حسن نواز دوبارہ کمپنی ڈائریکٹر بن کر معمول کے مطابق کاروبار کرنے کے اہل ہوگئے ہیں۔

سرکاری ریکارڈ کے مطابق حسن نواز کی بینک کرپسی کی مدت 29 اپریل 2025ء کو ختم ہوئی۔واضح رہے کہ 2 ماہ قبل ایچ ایم آر سی نے حسن نواز کے دیوالیہ ہونے کی اطلاع دی تھی۔

حسن نواز نے تقریباََ 10 ملین پاؤنڈ کا ٹیکس ادا نہ کرنے کے سبب دیوالیہ پن اختیار کیا تھا۔اُنہوں نے یہ مؤقف اختیار کیا تھا کہ تمام ٹیکسوں کی ادائیگی کے باوجود ایچ ایم آر سی نے ایک خاص مدت گزر جانے کے باوجود ٹیکس کا مطالبہ کیا۔

گزشتہ برس سرکاری گزٹ میں حسن نواز کے دیوالیہ ہونے کی تفصیلات شائع کی گئی تھیں۔بینک کرپسی کی مدت ختم ہونے کے بعد قانونی طور پر قرضوں کی ادائیگی کی ضرورت نہیں رہتی اور قرض لینے والوں کو قرض کی واپسی سے روک دیا جاتا ہے۔