لاہور(ای پی آئی )لاہور ہائیکورٹ میں سموگ تدارک کیس کی سماعت ،عدالت کا پنجاب بھرکے ڈپٹی کمشنرز کو پانی کے بچاؤ کیلئے مراسلہ جاری کرنے کا حکم ،
تفصیل کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے کیس کی سماعت کی ۔دوران سماعت واٹر کمیشن نے مختلف علاقوں سے زیرزمین پانی لیول کی رپورٹ پیش کی،
رپورٹ کے مطابق ایف سی کالج کے پاس پانی کا لیول 2022 میں 41فیصد تھا،دسمبر2024میں پانی کا لیول کم ہو کر 40فیصد پر آ گیا ہے،
جسٹس شاہد کریم نے کہاکہ سارے لاہور کو کھود کر چھوڑ دیا گیا ہے،لوگوں کے برے حالات ہیں، کاروبار تباہ ہو گئے ہیں ،لوگ گھروں میں سانس پتہ نہیں کیسے لے رہے ہیں،جن علاقوں کو کھود کر چھوڑا ہوا ہے وہاں ایئر کوالٹی خراب ہے،واسا لاہور کیا کام کر رہا ہے کوئی فکر ہی نہیں۔
عدالت نے کہاکہ واسا فیصل آباد نے پانی کے میٹر لگانا شروع کرکے زبردست کام کیا ہے ،واسا لاہور کو ایک ہزار پانی کے میٹر اگست میں ملیں گے،جوڈیشل واٹر کمیشن نے کہاکہ سینئر وزیر نے پانی میٹرز کیلئے بجٹ میں رقم مختص کی ،
جسٹس شاہد کریم نے کہاکہ یہ بہت زبردست اقدام ہے مجھے سن کر خوشی ہوئی۔