اسلام آباد (ای پی آئی ) معرکہ حق میں پاکستان کی افواج کی جانب سےشاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تاریخی فتح پر ملک بھر میں یوم تشکر مناتے ہوئے افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے ۔
یوم تشکر پر ملک بھر میں دن کا آغاز مساجد میں قرآن خوانی اور خصوصی دعائوں سے ہوا، وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں21،21 توپوں کی سلامی دی گئی۔
پاک آرمی کے چاق وچوبند دستے کے نعرہ تکبیر اللہ اکبر کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے، فوجی جوانوں نے پاکستان کی سلامتی اور بقا کیلئے خصوصی دعائیں کیں۔ کراچی میں مزار قائد پر یوم تشکر کے حوالے سے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل اویس دستگیر نے مزار قائد پر حاضری دی، بابائے قوم کے مزار پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔
کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل اویس دستگیر نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلم بند کئے۔دوسری جانب لاہور میں مزار اقبال پر یوم تشکر کے حوالے سے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے مزار اقبال پر حاضری دی، پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی، مولانا عبدالخبیر آزاد نے دعا کرائی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سندھ سیکرٹریٹ میں پرچم کشائی کی، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ مسلح افواج نے بہادری سے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، وطن کا دفاع ہر پاکستان کا اولین فریضہ ہے، شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، قوم دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بنی ہوئی ہے۔گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے یوم تشکر پر گورنر ہائوس پشاور میں پرچم لہرایا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بھارت ہماری خاموشی کو کمزوری سمجھ رہا تھا، بھارتی جارحیت میں ہمارے معصوم بچے اور نہتے شہری شہید ہوئے، شہدا کی وطن کیلئے قربانی کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کو جواب دیا تو پوری دنیا کو بتایا، افواج پاکستان نے ثابت کیا کہ ہمیں اپنی سرحدوں کی حفاظت کرنی آتی ہے، پاکستان محفوظ ہاتھوں میں ہے، ہندوستان بہت چیخ رہا تھا مگر اس کو موثر جواب دیا گیا، ہم پہلے دن سے کہہ رہے تھے ایٹمی طاقتوں کی لڑائی دنیا برداشت نہیں کر سکتی۔
گوجر خان میں کیپٹن محمد سرور شہید کی یادگار پر دعائیہ تقریب ہوئی، پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔میجر شبیر شریف شہید کے مزار پر بھی پھول رکھنے کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں مزار پر پھول رکھے گئے اور پاک فوج کے جوانوں نے سلامی پیش کی۔
اس کے علاوہ آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر آزاد کشمیر بھر میں تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں، تعلیمی اداروں میں افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے تقریبات منعقد ہوئیں ، پاک فوج زندہ باد، ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے کہ نعروں کی گونج سنائی دی ، اساتذہ نے بھی بھارت کو بھرپور جواب دینے پر نظمیں پیش کیں۔