اسلام آباد (ای پی آئی )اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے یومِ تشکر کے موقع پر قوم کو تاریخی فتح کی مبارکباد دیتے ہوئے اللہ رب العزت کا شکر ادا کیا اور مادر وطن کے تحفظ کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم، بالخصوص ہماری جری افواج، نے دشمن کی کھلی جارحیت کا نہایت جرات مندی سے مقابلہ کیا اور دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 10 مئی کے بعد کے پاکستان میں ایک نئی تازگی، وحدت اور خوشی کی لہر محسوس کی جا سکتی ہے۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ حق اور باطل کے اس معرکہ کے بعد پاکستان کو دنیا بھر میں ایک منفرد مقام حاصل ہوا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے پارلیمان، عوام، میڈیا اور نوجوان نسل کے جذبہ حب الوطنی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پوری قوم مسلح افواج کے شانہ بشانہ سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی رہی۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا ہر پاکستانی وطن کے دفاع کے لیے اپنی جان قربان کرنے کو تیار ہے۔ ہماری بہادر افواج نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا، اور ان کے حوصلوں نے ثابت کیا کہ عزم اور جذبہ دشمن کو شکست دے سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی و عسکری قیادت نے یکجہتی کا عملی مظاہرہ کیا، اور تمام سیاسی جماعتیں اپنے اختلافات سے بالاتر ہو کر ملکی دفاع میں افواج پاکستان کے ساتھ یک زبان اور متحد نظر آئیں۔

سردار ایاز صادق نے اس موقع پر شہداء کی عظیم قربانیوں کو قوم کا ناقابلِ فراموش اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے افواجِ پاکستان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستانی میڈیا اور نوجوان نسل نے معرکۂ حق میں مثالی کردار ادا کر کے دشمن کو پیغام دے دیا ہے کہ یہ قوم اپنے وطن کی عزت، وقار اور سلامتی پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔